اسلام آباد (ٹی این ایس) (آئی پی ایس) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں اٹلی کی سفیر مریلینا آرميلن (ماریلینا آرمَلِن
) کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیے سے قبل چیئرمین سینیٹ اور اطالوی وفد کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوستانہ تعلقات، معاشی تعاون، سماجی روابط اور تاریخی ورثے کے تحفظ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں اطالوی سفیر مریلینا آرميلن کے علاوہ مسٹر ڈومینیکو پولونی (Mr Domenico Polloni) اور فرسٹ سیکریٹری مسٹر آگسٹو پالمیری (Mr Augusto Palmieri) بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان کی تاریخی حیثیت کی بحالی کے لیے اٹلی کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اٹلی کے تعاون سے ملتان کے مختلف تاریخی دروازوں کی بحالی ممکن ہوئی، جو شہر کی قدیم تہذیب اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان اور روم کے تاریخی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
اطالوی سفیر مریلینا آرميلن نے گفتگو کے دوران بتایا کہ اٹلی پاکستان سے افرادی قوت حاصل کرنے کا خواہاں ہے، جس کے لیے آئندہ مرحلے میں تقریباً 10 ہزار ویزے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان میں جلد ایک ویزا سینٹر قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ورکرز کو این او سی کے اجرا اور دیگر ضروری سفری و انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
بعد ازاں چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اطالوی وفد اور معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیے میں سید عبدالقادر گیلانی ایم این اے، سید علی حیدر گیلانی ایم پی اے، صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بختاور تنویر، سابق ایم پی اے احمد مجتبیٰ گیلانی، صنعت کار چوہدری ذوالفقار انجم، سید ابو الحسن گیلانی، سجادہ نشین دربار حضرت موسیٰ پاک شہید، خواجہ انیس سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات، ثقافتی ورثے کے تحفظ، معاشی شراکت داری اور افرادی قوت کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔













