اسلام آباد (ٹی این ایس) سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے وفد کے ہمراہ ڈان ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری محمد کاشف عباسی اور صدر اسد اللہ ملک کو بلا مقابلہ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسدمحمود،مزدور یونین کے سرپرست اعلیٰ حاجی صابر،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد سرفرازملک،نائب صدرمحمد شفیق عباسی،ملک سہیل و دیگر بھی موجود تھے،چوہدری محمد یٰسین نے اس موقع پر نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقے کی نمائندگی ایک بڑی ذمہ داری ہے اور انہیں یقین ہے کہ نئی قیادت کارکنان کے حقوق کے تحفظ، ادارے کی بہتری اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدور تنظیموں کے درمیان اتحاد و یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مضبوط آواز بلند کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلا مقابلہ انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ یونین اراکین کو اپنی قیادت پر مکمل اعتماد حاصل ہے اور یہ اعتماد نومنتخب عہدیداران کے لیے ایک اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی جسے وہ دیانتداری اور خلوص نیت سے نبھائیں گے۔اس موقع پر ڈان ایمپلائز یونین کے نومنتخب عہدیداران نے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین اورانکی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارکنان کے مسائل کے حل، ادارے میں مثبت ورکنگ ماحول کے قیام اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونین کارکنان کے اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور مستقبل میں مزدور کاز کے لیے سی ڈی اے مزدور یونین کے ساتھ مل کر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔













