اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کے ہمراہ ریڈ زون کا دورہ ۔آئی جی اسلام آباد نے ریڈزون میں غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات ،داخلی و خارجی راستوں اور اہم سرکاری و نجی اداروں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔تمام افسران کو سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت اور موثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کے ہمراہ ریڈ زون کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریڈ زون میں غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران داخلی وخارجی راستوں، اہم سرکاری و نجی عمارات، سفارتی مراکز اور دیگر حساس مقامات پر کئے گئے حفاظتی اقدامات کا معائنہ بھی کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور جوانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کی نوعیت اور حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کو مزید موثر، مربوط اور سخت بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام اہلکار الرٹ رہیں اور اپنی ذمہ داریاں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے تمام اہم مقامات بشمول وینیوز، ایئرپورٹس، مرکزی شاہراہوں، روٹس، فنل ایریاز، ہوٹلز اور غیر ملکی وفود کی قیام گاہوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی وفود اور مہمانوں کو فول بھی پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ سکیورٹی پلان میں اسلام آباد پولیس کے علاوہ وزارتِ خارجہ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، فرنٹیئر کور (ایف سی)، دیگر صوبوں کی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ کے افسران و جوان بھی بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، تاکہ مجموعی سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جا سکے۔مزید برآں، شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور مربوط ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور عوام کو ممکنہ مشکلات سے بچانا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔آخر میں آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے غیر ملکی وفود کو بہترین سکیورٹی فراہم کرے گی اور ملکی وقار، سلامتی اور تشخص کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا
















