اسلام آباد (ٹی این ایس) پشاور گیریژن میں وطنِ عزیز کے دفاع اور صوبہ خیبر پختونخوا میں شہادت کا رتبہ پانے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار اور جذباتی تقریب منعقد کی گئی

 
0
7

اسلام آباد (ٹی این ایس) پشاور گیریژن میں وطنِ عزیز کے دفاع اور صوبہ خیبر پختونخوا میں شہادت کا رتبہ پانے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار اور جذباتی تقریب منعقد کی گئی، جس میں شہداء کے اہلِ خانہ، عسکری حکام اور دیگر شرکاء نے بھرپور انداز میں شرکت کی تقریب کا آغاز شہداء کے لواحقین کی آمد اور یادگارِ شہداء پر حاضری سے ہوا۔ اس موقع پر شہداء کے اہلِ خانہ نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ فضا شہداء کی یاد اور عقیدت کے جذبات سے معطر رہی اس موقع پر کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے حوصلے اور صبر کو سراہا اور کہا کہ شہداء نے اپنے خون سے وطنِ عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی تقریب کے دوران شہداء کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ملک و ملت کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں پر مبنی خصوصی دستاویزی ویڈیوز بھی پیش کی گئیں۔ ان ویڈیوز کے ذریعے شہداء کے جذبۂ حب الوطنی، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اجاگر کیا گیا، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا تقریب کے اختتام پر کور کمانڈر نے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور تقریب میں شرکت پر شہداء کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور یہ قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں