
ینگون ستمبر27(ٹی این ایس ) میانمار (برما) میں روہنگیا مسلم اقلیت کے بحران کو زیر بحث لانے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس (آج )جمعرات کو ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنتونیو گوتریس اجلاس کے دوران گفتگو کریں گے۔ یہ اجلاس سات ممالک کی درخواست پر بلایا گیا ہے ان میں امریکا ، فرانس ، برطانیہ، مصر ، قازقستان ، سینیگال اور سوئیڈن شامل ہیں۔مذکورہ ساتوں ممالک نے آنتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے میانمار کے مغرب میں راکھائن صوبے میں روہنگیا اقلیت کے مسلمانوں کے خلاف سرکاری فوج کے فوجی آپریشن سے متعلق رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کی جائے۔میانمار کی فوج کی مذکورہ اقلیت کے خلاف کارروائی نے 4.2 لاکھ سے زیادہ افراد کو پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور کر دیا جب کہ اقوام متحدہ نے اس کو “نسلی تطہیر” شمار کیا ہے۔واضح رہے کہ فوج کو پرتشدد واقعات کے دوبارہ پھوٹ پڑنے کا ذمے دار ٹھہرانے میں ناکام ہونے پر بین میانمار کی حکومت کو بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں کے مطابق یہ پرتشدد واقعات “اجتماعی نسل کشی” کی سطح تک پہنچ گئے۔