پنجاب میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا آغاز اکتوبر کے اوائل میں کردیا جائے گا‘شہبازشریف

 
0
486

لاہورستمبر 28(ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایکسپو سینٹر میں محکمہ صحت پنجاب اور ترکی کی حکومت کے تعاون سے لگائی جانے والی 3 روزہ پاک میڈیکا میڈیکل ہیلتھ نمائش کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے طبی آلات و مشینری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے، خصوصاً پنجاب حکومت اور ترکی کے مابین صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے انتہائی تیزی سے اقدامات کئے گئے ہیں اور ایکسپو سینٹر میں لگائی جانے والے یہ نمائش بھی پنجاب حکومت اور ترکی کی حکومت کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاس ہے اور اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی مزید ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھے گا۔

نمائش میں جدید میڈیکل آلات اور مشینری رکھی گئی ہے اور ہیلتھ کیئر کے حوالے سے شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس پر میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم بن علی یلدرم، وزیر صحت ڈاکٹر احمت ڈیمر کن اور ترک کمپنیوں کا شکرگزار ہوں۔ نمائش میں شرکت کیلئے ترکی کی پارلیمنٹ کے ممبر برہان کیاترک بھی لاہور تشریف لائے ہیں اور ترکی کی معروف کمپنیوں کے سربراہ اور اعلیٰ حکام بھی نمائش میں شرکت کیلئے آئے ہیں اور ہم انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں خصوصاً صحت عامہ کے میدان میں تعاون کا سلسلہ چل رہا ہے اور دونوں حکومتوں نے مل کر ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں جس کا فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا اور اسے صحت کے حوالے سے جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سروس کا آغاز اکتوبر کے اوائل میں کیا جائے گا اور موٹر بائیکس ایمبولینس سروس لاہور سمیت 9 ڈویژنوں میں بیک وقت شروع کی جائے گی۔ اس پروگرام کے حوالے سے بھی ترکی نے قابل قدر معاونت فراہم کی ہے۔ بلاشبہ اس ایمبولینس سروس کے آغاز سے تنگ گلیوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں بے پناہ مدد ملے گی اور بروقت فرسٹ ایڈ مہیا کی جاسکے گی۔ موٹربائیکس ایمبولینس سروس کیلئے عملہ بھی تربیت یافتہ ہوگا اور وہ ضروری ساز و سامان سے لیس ہوگا۔ یہ پروگرام پاکستان کے کسی بھی صوبے میں پہلی بار شروع کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امید ہے کہ اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور صحت عامہ میں ہم مل کر کئی قدم آگے بڑھائیں گے جس سے دکھی انسانیت کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے اور یہی ہمارے تعاون کا نصب العین ہے۔وزیراعلیٰ نے پاک میڈیکا میڈیکل ہیلتھ نمائش کیلئے معاونت پر ترکی کی حکومت، صوبائی وزراء صحت، سیکرٹریز صحت، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عبدالباسط اور دیگر اداروں اور حکام کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ترکی کی پارلیمنٹ کے ممبر برہان کیاترک، ترکی کے قونصل جنرل سردار ڈینیز، ترک وزارت صحت کے اعلیٰ حکام اور ترکی کی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، شیخ علاؤالدین، خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔