اعلی پولیس و انتظامی افسران کے ساتھ بلدیاتی اداروں کے نمائندے بھی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف

 
0
312

لاہورستمبر 28(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عاشورہ محرم الحرام اور یوم عاشور کے موقع پرعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے امام بارگاہوں، مساجد، مزارو ں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیااورعاشورہ محرم الحرام پرامن عامہ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ۔وزیر اعلی نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام میں صوبہ بھر میں پرامن فضا ء کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اعلی پولیس و انتظامی افسران کے ساتھ بلدیاتی اداروں کے نمائندے بھی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے ، جنریٹرز ، لائٹس ،و اک تھرو گیٹس اور سکینرز سو فیصد چالو حالت میں ہونے چاہئیں اورضابطہ اخلاق کی پابندی پرسوفیصد عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی کویقینی بنایا جائے اورقابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اوروال چاکنگ پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور مذہبی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ فرائض انجام دینے والی پولیس فورس اور دیگر محکموں کے عملے کیلئے کھانے پینے کا بہترین انتظام کیا جائے۔

منتخب نمائندے ،بلدیاتی اداروں کے عہدیداران اور متعلقہ افسران محنت سے فرائض سرانجام دیں۔ عاشورہ محرم الحرام اور یوم عاشور پر امن عامہ کی فضا کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اوراس ضمن میں سب کو متحرک اور فعال کردار اد ا کرنا ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے عاشورہ محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔