لاہور (ٹی این ایس) راؤ ٹریڈز اینڈ سروسز کے سی ای او اور میڈیا پروڈیوسر آئی ایچ انجم راؤ نے جشنِ ولادتِ رسولِ اکرم ﷺ کے موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی آمدِ مبارک انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمت ہے آئی ایچ انجم راؤ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے انسانیت کو محبت، امن، عدل، مساوات، بھائی چارے اور حسنِ اخلاق کا درس دیا۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور موجودہ دور کے چیلنجز کا بہترین حل بھی تعلیماتِ نبوی ﷺ میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ مناتے ہوئے ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں سیرتِ رسول ﷺ کو اپنائیں گے، کمزور اور ضرورت مند افراد کی مدد کریں گے اور معاشرے میں محبت و رواداری کو فروغ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اس مبارک موقع پر وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کریں آئی ایچ انجم راؤ نے مزید کہا کہ عشقِ رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا یہی ہے کہ ہم آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں اور اپنے قول و فعل سے امن، انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت موقع کے صدقے پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کو امن و استحکام عطا فرمائے اور ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔













