اسلام آباد اکتوبر 2(ٹی این ایس): احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسزمیں تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے،جس کے تحت ملزم پرفرد جرم عائد کرنے کیلئے مزید سماعت 9 اکتوبرکو ہوگی، احتساب عدالت کے حکم نامہ میں رینجرزکی تعیناتی کا بھی ذکر کیا گیا ہے،رینجرزکی تعیناتی حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسزمیں تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامہ میں رینجرز کی تعیناتی کاخصوصی ذکر کیاگیاہے۔ھکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے ارد گرد ماحول پرامن تھا۔ رینجرز سیکیورٹی کیلئے تعینات تھی۔ رینجرزکی تعیناتی حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ وکلاء اورکورٹ رپورٹرزکےعدالت میں داخلے کا معاملہ ریگولرائزکرنے کی ضرورت ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی عدالت میں پیشی سے متعلق کہا گیا ہے کہ نیب ریفرنسزمیں نوازشریف پرفرد جرم عائد کرنے کیلئے 9 اکتوبرکی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ کیس کوجلد نمٹانے کیلئے وکلاء صفائی اور پراسیکیوٹرز تیاری کریں۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے وارنٹ گرفتاری تفتیشی افسرکے نام ہیں۔ وارنٹ گرفتاری کو سمن کی تعمیل کی طرح نہ لیا جائے۔ وارنٹ گرفتای کی تعمیل میں دشواری ہوتوحکومتی اداروں کی مدد لی جاسکتی ہے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف سپریم کورٹ میں پاناما کیس میں نااہل ہونے کے بعد دائر تین ریفرنسز کا سامنا کرنے کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے۔