پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن (کل )منایا جائے گا

 
0
727

لاہور اکتوبر 4 ( ٹی این ایس) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن ( ورلڈ ٹیچرز ڈے ) کل بروز جمعرات کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا ۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے زیراہتمام 5اکتوبر1994ء کوپہلی مرتبہ اساتذہ کا عالمی دن منایاگیا۔اس دن کے منانے کا مقصد معاشرے میں اساتذہ کے اہم اور ناقابل فراموش کردار کو اجاگر کرنا اور ان کی بے پناہ خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔اس دن کی مناسبت سے سیمینارز ، کانفرنسیں اورتقریبات ہوں گی اور دنیا بھر کے اساتذہ یہ عہد کریں گے کہ وہ معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھار کھیں گے اور بلند معیارتعلیم کے ذریعے آنے والی نسلوں کی خدمت کریں گے۔جبکہ تقریبات میں اساتذہ کی خدمات کو سلام اور ملک و قوم کیلئے نئی تعلیم یافتہ نسل پیدا کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا ۔ اس موقع پر اساتذہ کے مسائل بھی اجاگر کئے جائیں گے تاکہ ان کے حل کیلئے اقدامات کر کے اساتذہ کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور وہ یکسوئی کے ساتھ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں ۔