تہران آ اکتوبر 5(ٹی این ایس)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ کردستان کی علیحدگی روکنے کے لیے ترکی اور ایران کو مل کر کام کرنا ہوگا۔عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے ایرانی سپریم لیڈر سے تہران میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی رہبر انقلاب آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ کردستان عراق میں کردوں کی الگ ریاست کے لیے ریفرینڈم نہ صرف عراق بلکہ پورے خطے کے ساتھ بد دیانتی ہے۔خیال رہے کہ ترک صدر نے گذشتہ روز ایران کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی تھی۔آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور دوسری عالمی طاقتیں خطے میں ایک اور اسرائیل کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کردستان کی آزاد ریاست کا فائدہ امریکا اور اسرائیل کو ہوگا۔ خطے کے تمام ممالک کرد ریاست کے قیام سے خسارے میں رہیں گے۔