ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی

 
0
409

اسلام آباد اکتوبر 7(ٹی این ایس) : ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تبدیلی کمانڈکی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔صدرِ پاکستان نے ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کے سروس کا دورانیہ مکمل ہونے پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو پاک بحریہ کا سربراہ تعینات کیا ہے۔
الوداعی خطاب کے دوران اپنے منصب سے سبکدوش ہونے پر ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے کہا کہ میں خدائے بزرگ وبر تر کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے دفاع وطن کے لئے خدمت کا موقع دیا اور پاک بحریہ کی قیادت کرنے کے فرائض سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائی۔ ایسے پیشے اور بہادر، فرض شناس اور با صلاحیت افراد کے ساتھ وابستگی یقیناًبہت بڑی خوش قسمتی ہے ۔ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو مبارک باد پیش کی اوردلی مسرت کا اظہار کیا ۔
ایڈمرل ذکا ء اللہ نے مزید کہا کہ تین سال قبل جب میں نے پاک بحریہ کی کمان سنبھالی تو میرا مطمحِ نظر ایسی بحری فوج کی قیادت تھی جو ہر دم تیار کثیر الجہت بحری قوت ہو جو با صلاحیت اور پیشہ ور افراد پر مشتمل ہو اور قومی سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ، دشمن سے نمٹنے کے لئے مؤثر حربی صلاحیتوں سے لیس ہو۔ انہوں نے کہا کہ افسروں اورجوانوں کی انتھک محنت کے باعث پاک بحریہ آج پیشہ ورانہ اعتبار سے دنیا کی بہترین فورسز میں شمار ہوتی ہے۔
ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے سکیورٹی حقائق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خطے میں سکیورٹی کے حالات پیچیدہ ہیں اور ہمارے ملک کو درپیش چیلنجز ابھی ختم نہیں ہوئے۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم یکسوئی کے ساتھ درپیش خطرات کا ادراک کریں۔ وطن عزیز کے بارے میں کسی بھی قسم کے ناپا ک عزائم رکھنے والوں کے خلاف افواجِ پاکستان ایک مضبوط دفاعی قوت ہیں۔پاکستان کے لئے پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے کہا کہ خطے میں امن اور خوشحالی کی ایک بڑی ضمانت پاک چین اقتصادی راہداری ہے جوخطے کے دیگر ممالک کے ساتھ باہمی تعاون اور اقتصادی استحکام کو فروغ دے گی ۔ اس کی سکیورٹی کے لئے پاک بحریہ بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔
ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کے اس منصب سے سبکدوش ہوتے ہوئے میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ میری زندگی کا حاصل یہ شاندار سروس رہی۔ میں حکومت پاکستان کا اس اعتماد پر اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں بھرپور حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ایڈمرل نے بھر پور تعاون اور لگن کے ساتھ کام کرنے پرپرنسپل اسٹاف آفیسرز، نیول ہیڈ کوارٹرز کے اسٹاف ، فیلڈ کمانڈزاور نیوی سویلینزکا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں، تقریب گاہ آمد پر اپنے منصب سے سبکدوش ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے پاک بحریہ کے سربراہ کو اعزازی سلامی پیش کی گئی۔سلامی کے بعد ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو روایتی سکرول پیش کر کے پاک بحریہ کی کمانڈ با قاعدہ طور پر ان کے حوالے کی۔
بعد ازاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ پڑھی۔نیو ل ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے ایک چا ق و چوبند دستے نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو سلامی پیش کی ۔
پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 1981میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔آپ نے ابتدائی تربیت رائل نیول کالج ڈارٹ متھ(Dartmouth)انگلینڈ سے حاصل کی۔ کمیشنگ کے موقع پر آپ نے پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔
آپ کی کمانڈ تقرریوں میں جہازوں کی کمانڈ، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کمانڈر 25thڈسٹرائر اسکواڈرن ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،کمانڈر کوسٹ،کمانڈر لاجسٹکس اور کمانڈر پاکستان فلیٹ شامل ہیں۔آپ ہیڈ کوارٹر نیوسینٹ (HQ NAVCENT)بحرین میں کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی کمانڈ کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی اہم اسٹاف تقرریوں میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف(پلانز)، چیف انسپکٹر (نیوی) ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ( آپریشنز)اورچیف آف اسٹاف شامل ہیں۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور رائل آسٹریلین نیوی اسٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں۔غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمت کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز(ملٹری ) سے نوازا جا چکا ہے۔
تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں عسکری و سول شخصیات، پاک بحریہ کے سابق سربراہان، میڈیا نمائندگان، سی پی اوز/سیلرز اور نیوی سویلینز کی ایک کثیر تعدا دنے شرکت کی