پنجاب حکومت کا سات سرکاری جامعات کو بین الاقوامی رینکنگ کے لئے تیار کرنے کا فیصلہ

 
0
3423

لاہور ،اکتو بر09(ٹی این ایس): پنجاب حکومت نے سات سرکاری جامعات کو بین الاقوامی رینکنگ کے لئے تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں جاری کی گئی جامعات کی بین الاقوامی رینکنگ میں صرف لمز یونیورسٹی کو دو سو بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا مگر اس میں کوئی بھی سرکاری جامعہ شامل نہیں تھی جس کے باعث اب پنجاب حکومت نے سرکاری جامعات کو بین الاقوامی رینکنگ کے مطابق تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی، بہاوالدین زکریا یونیورسٹی، اسلامہ یونیورسٹی بہاولپور، جی سی یو فیصل آباد اور یونیورسٹی آف گجرات کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، مذکورہ جامعات میں بہتری لانے اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے جامع لائحہ عمل پر کام شروع کردیا گیا ہے، جس کے تحت مذکورہ جامعات میں تعلیمی معیا ر کی بہتری اور ریسرچ کے فروغ کے لئے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں گے۔

جامعات میں بین الاقوامی اساتذہ کو لایا جائے گا اور طلبا طالبات کو خصوصی سکالرشپس فراہم کی جائیں گی، جامعات میں مضامین ، کورسز اور سٹڈی پلان میں بہتری لانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ٹیکنیکل ایکسپرٹس رکھے جائیں گے جبکہ بیرون ملک طلبا و طالبات کو ان جامعات میں داخلہ لینے پر راغب کرنے کے لئے ایجوکیشن ایکسپوز منعقد کی جائیں گی