مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی، ایک بار پھر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر بدنظمی  

 
0
433

اسلام آباد ،اکتو بر13(ٹی این ایس): مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک بار پھر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر بدنظمی پیدا ہوگئی۔ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کےباہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جس کے باعث جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ایک بار پھر بد نظمی دیکھنے میں آئی۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور اس دوران ایک وکیل زخمی بھی ہوگیا۔

وکلا نے الزام لگایا کہ انہیں پولیس نے عدالت جانے سے روکا اور ڈنڈے برسادیئے جس کےباعث ان کے ساتھی وکیل کا سر پھٹ گیا جسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔مریم نواز نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدالت میں وکلا اور اہلکاروں کے درمیان جو کچھ ہوا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا وکلا کو اجازت تھی لیکن عدالت کے اندر نہیں آنے دیا گیا، وزارت داخلہ آج کے واقعہ کی تحقیقات کرائے۔اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کی بھی گاڑی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر روک لیا گیا جب کہ کارکنان مریم نواز اورمریم اورنگزیب کی گاڑی کے سامنے آکر نعرے بازی کرتے رہے۔

سیکیورٹی حکام نے وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی گاڑی کو جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں داخل ہونے سے روکا تاہم 15 سے 20 منٹ کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت دیدی گئی۔ ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار کی گاڑی بھی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہی روک لی گئی جب کہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہی رہے۔