پہلا ون ڈے، بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کرکے رکھ دی

 
0
444

دبئی ،اکتو بر 14(ٹی این ایس): قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کرکے رکھ دی ۔22سالہ بابر اعظم نے دبئی میں سری لنکا کیخلا ف پہلے ون ڈے میں اپنے کیریئر کی چھٹی سنچری سکور کی ،بابر اعظم اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی 15اننگز میں ایک بھی سنچری بنانے میں ناکام رہے تھے تاہم اس کے بعد اب تک15اننگز میں 6سنچریاں سکور کرچکے ہیں جن میں سے 4ویسٹ انڈیز،ایک آسٹریلیا اور ایک سری لنکا کیخلا ف ہے ،بابر اعظم کی پہلی سنچری کے بعد سے اب تک وہ ہر2.83اننگز میں ایک سنچری سکور کرتے آرہے ہیں ،اس دوران آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے ہر تیسری ، روہت شرما نے ہر 5ویں اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ہر5.6اننگز میں سنچری سکور کی ہے۔

30ستمبر 2016ءسے ا ب تک بابر اعظم ڈیوڈ وارنر(7) کے بعد سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز ہیں ، اس دوران ویرات کوہلی نے 5اور روہت شرما نے4سنچریاں سکور کی ہیں ۔ بابر اعظم نے اب تک نمبر 3پوزیشن پر 6سنچریاں سکور کررکھی ہیں ، ان کے علاوہ ایشین بریڈمین ظہیر عباس 47،اعجاز احمد74اور یونس خان 122اننگز میں اتنی ہی سنچریاں سکور کرچکے ہیں ،آل راﺅنڈ محمد حفیظ اس پوزیشن پر 56اننگز میں 7سنچریاں سکور کرکے پہلے نمبر پر موجود ہیں ۔بابر اعظم اب تک 32ون ڈے اننگز میں 1558رنز سکور کرچکے ہیں اور اگر وہ اگلی 7اننگز میں442رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو تیز ترین 2000رنز مکمل کرنے کا جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔