سری لنکن کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان سے انکار کردیا

 
0
240

دبئی ،اکتو بر14(ٹی این ایس): سری لنکن کرکٹ بورڈ کے کنٹریکٹ یافتہ 40کھلاڑیوں نے بورڈ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں اس بات کا اشارہ د یا گیا ہے کہ وہ اس ماہ کے آخری میں لاہور میں شیڈول تیسرا ٹی ٹونٹی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جانا چاہتے ہیں ۔ اس خط پر پاکستان کے ساتھ ون ڈے سیریزکھیلنے والے تمام سکواڈ اور سری لنکا میں موجود کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں جس میں برا ہ راست لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے سے انکار کرنے کی بجائے سر ی لنکن کرکٹ بورڈ سے میچ کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

ممکنہ طور پر آل راﺅنڈر تھیسارا پریرا نے اس خط پر دستخط کیے تھے جو گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ تھے ۔لنکن کرکٹ بورڈکے اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ بورڈسیریز کے درمیان میں کھلاڑیوں کو تنگ نہیں کرنا چاہتا تاہم جلد ہی ان سے بات کرے گا ،آئی سی سی حکام بھی آج کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے انہیں لاہور میں سکیورٹی صورتحال سے آگا ہ کریں گے ۔مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم تمام ممکنا ت پر غور کررہے ہیں ، پاکستان ہمارا قریب ترین اتحادی ہے اور ہم اسے مایوس نہیں کرنا چاہتے ۔ ذرائع کے مطابق سر ی لنکا کا دورہ پاکستان اب بھی پلان کے مطابق ہوسکتا ہے اگر سینئر کھلاڑیوں کے انکار کرنے پر لنکن بورڈ ایک اور ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادہ ہوجاتا ہے ۔