یونین کونسل نمبر گیارہ خیابان سرسید راولپنڈی، بلدیاتی نظام کے عوام دوست ہونے کی بہترین مثال

 
0
668

راولپنڈی ،اکتوبر 19 (ٹی این ایس):  یونین کونسل نمبر گیارہ خیابان سرسید راولپنڈی بلدیاتی نظام کے عوام دوست ہونے کی بہترین مثال ہے، عوام وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف  کی پالیسیوں کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اقتدار کی نچلے سطح تک منتقلی سے عام عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور ایک ایسا علاقہ جہاں کبھی  گندگی کے ڈھیرلگے ہوتے  تھے اب انتظام یہ کہ صفائی  روزانہ کی بنیاد  پر ہوتی ہے۔

نالہ لئی سے متصل دیوار نہ ہونے کی وجہ سے آبادی کو مون سون کے سیزن میں خطرات لاحق رہتے تھے مگر دَہائیوں کی دُہائیوں کے بعد اب کام ہو رہا ہے۔اندھیرے میں ڈوبے رہنے والے اس علاقے میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے روشنی کا مناسب انتظام بھی ہو گیا ہے جسکی وجہ سےسکیورٹی کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔ صاف پانی کی عوام کے گھروں تک بلا تعطل فراہمی کیلئے نئے فلڑیشن پلانٹس کی تنصیب کی گئی ہے اور بقیہ ضرورت کے لئے  ٹیوب ویلز بھی بنائے جارہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ سوئی گیس کی لائینوں کی بھی مرمت کی گئی ہے اور سیوریج کے نظام میں بہتری لانے کیلئے بوسیدہ لائینوں کو تبدیل کر دیا گیا جو اس یونین کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ تھا ۔پارکس کی تزئین و آرائش کیلئے انتظامات کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں پر بھی توجہ دی گئی ہے،خصوصی بچوں کیلئے بنے تعلیمی ادارے میں نہ صرف اس یونین کونسل کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں بلکہ راولپنڈی شہر کے دیگر علاقوں سے بھی بچے یہاں آتے ہیں۔

عوام کہتے ہیں کہ وزیرِ اعلیٰ  پنجاب کے عوام دوست منصوبوں کے ثمرات بلا شبہ عوام تک پہنچ رہے ہیں تاہم تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ گلی محلے کے دیگر مسائل پر قابو پانے کیلئے فنڈز، یونین کونسلز کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیئے جائیں تو عوامی منصوبوں میں شفافیت کے ساتھ ساتھ بروقت تکمیل بھی ممکن ہو سکے گی۔

چئیرمین یونین کونسل نمبر گیارہ چوہدری محمد زبیر   کا کہنا تھا خادم اعلی پنجاب کے انقلابی اقدامات سے ہی سب کچھ ممکن ہوا،بلدیاتی نظام ہی ایسا نظام ہے جس سے صیح معنوں میں عوامی مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔