دورہ پاکستان اور وفاقی کابینہ سےخطاب سعادت ہے، پاکستان کواپنا گھر سمجھتا ہوں، امام کعبہ

 
0
395

اسلام آباد، اکتوبر 25 (ٹی این ایس):  امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید نے دورہ پاکستان  اور وفاقی کابینہ سے مخاطب ہونے کو اپنی سعادت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن حمید کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، اجلاس میں امت مسلمہ کے مسائل کے حل اور پاکستان کے استحکام کے لئے خصوصی دعابھی کرائی گئی ، کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہاکہ میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میں خادمین حرمین شریفین، ولی عہد، سعودی عرب کے علما اور عوام کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پاکستان آنے کا متعدد بار موقع ملا ہے، میں پاکستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں۔ امام کعبہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں، پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے اور ہر طرح کے حالات میں ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

 امام کعبہ نے کہا کہ ترقی کے لئے تین ضروری شرائط تقویٰ، اخلاص اور حسن کارکردگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہ ملک عدم استحکام کا شکار ہوئے جو اپنا اتحاد و اتفاق برقرار نہ رکھ سکے اور انتشار کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آپس کا اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکے ملکی مفادات میں فیصلے کیے جائیں۔