خیبر پختونخوا کے مدارس رجسٹریشن پر آمادہ ہو گئے

 
0
1131

اسلام آباد نومبر 2 (ٹی این ایس)پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں موجود تمام دینی مدارس نے حکومت کی طرف سے مدرسوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے عمل پر اصولی طورپر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔پشاور میں وفاق المدارس سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے دینی مدارس کے نمائندوں اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ اہلکاروں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مدرسوں کو قومی دھارے کا حصہ بنانے اور ان کی رجسٹریشن کے ضمن میں تفصیلاً بات چیت کی گئی۔اجلاس میں شریک وفاق المدارس العربیہ خیبر پختونخوا کے ناظم مولانا حسین احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ مدراس کے نمائندوں نے حکومت کی طرف سے دینی مدراس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے عمل سے اصولی طورپر اتفاق کر لیا ہے تاہم انھوں نے کہا کہ بعض معاملات میں حکومت کی طرف سے سنجیدگی نظر نہیں آ رہی جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مدارس کو محکمہ تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم تاحال اس ضمن میں کوئی قانون سازی نہیں کی گئی ٗان کے مطابق ملک میں تمام مدرسے 1860 کے سوسائٹیز ایکٹ کے تحت محکمہ انڈسٹریز اور کامرس کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں لیکن ان کا محکمہ تعلیم کے ساتھ اندارج کرنے کیلئے ابھی تک کسی قانون سازی کا آغاز نہیں کیا گیا۔مولانا محمد حسین کا کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے مدارس کو بھیجے گئے تمام رجسٹریشن اور ڈیٹا فارمز میں بھی ابہام پایا جاتا ہے ٗان کے بقول اصولی طورپر رجسٹریشن اور ڈیٹا فارم محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کیے جانا چاہئیں لیکن یہ ذمہ داری وزرات مذہبی امور کو دی گئی ہے جس سے سے بظاہر لگتا ہے کہ حکومت اس عمل میں سنجیدہ نہیں ہے۔