پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیشہ پہلا قدم اٹھایا ٗ بھارت نے کبھی مثبت رد عمل نہیں دیا ٗ ڈاکٹر فیصل ہاشمی

 
0
327

اسلام آباد نومبر 2(ٹی این ایس)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیشہ پہلا قدم اٹھایا ٗ بھارت نے کبھی مثبت رد عمل نہیں دیا ٗ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کر دار ادا کرے ٗ امریکہ سے بات چیت میں دہشت گردوں کی فہرستوں کے تبادلے کے حوالے سے علم نہیں ٗافغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ایک جیسا سوچ رہے ہیں ٗافغان حکومت سے ملافضل اللہ کا معاملہ اٹھایا تھا تاہم معاملہ ابھی تک حل طلب ہے ٗمتنازع ویڈیو پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکہ کی ویب سائٹ پر نہیں تھی ٗ فیس بک پیج پر تھی جسے ہٹا دیا گیا تھا ٗ ڈپٹی گورنر کنڑ اپنے ذاتی کام سے پاکستان آئے تھے ٗبازی کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی ملائیشیا میں بطور پاکستانی ہائی کمشنر تقرری کے بعد نئے ترجمان ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا جبکہ ڈاکٹر فیصل کے پاس ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا کا اضافی چارج بھی رہے گا۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے اپنی پہلی ہفتہ واربریفنگ میں کہا کہ کشمیر کے معاملات پر ہمیشہ بات کی ہے اور کرتے رہیں گے ٗپاکستان نے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے ہمیشہ پہلا قدم اْٹھایا ٗیہ بھارت ہی ہے جس نے مسئلہ کشمیر پرکبھی مثبت ردعمل نہیں دیا۔ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے 3 فریق پاکستان، بھارت اور کشمیر ہیں، بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے کردار ادا کرے اور مسئلے کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوناچاہئے،ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بندکرے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ امریکا سے حالیہ رابطوں میں انسداد دہشت گردی سمیت تمام معاملات پربات ہوئی تاہم بات چیت میں دہشت گردوں کی فہرستوں کے تبادلے کے حوالے سے علم نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان امن پر زور دیا ہے ٗافغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ایک جیسا سوچ رہے ہیں، امریکا بھی یہی چاہتا ہے کہ سیکیورٹی کیلئے پاک افغان باڑضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ افغان ڈپٹی گورنر اپنے نجی دورے پر پاکستان آئے تھے، ان کے پاکستان آنے سے متعلق مطلع نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان چاہتے ہیں کہ دہشت گردوں کی آمدورفت روکنے کیلئے پاک افغان باڑ ضروری ہے اسی لئے پاکستان کی جانب سے سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے باڑ سمیت دیگر اقدامات اٹھائے گئے۔ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت سے ملافضل اللہ کا معاملہ اٹھایا تھا لیکن ابھی تک حل طلب ہے۔ شیخ مجیب الرحمان سے متعلق متنازعہ ویڈیو کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بنگلا دیش کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے ٗمتنازع ویڈیو پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکا کی ویب سائٹ پر نہیں تھی بلکہ فیس بک پیج پر تھی جسے ہٹا دیا گیا تھا۔پشاور سے لاپتہ ہونے والے افغان ڈپٹی گورنر کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ڈپٹی گورنر کنڑ اپنے ذاتی کام سے پاکستان آئے تھے اور پاکستان کو سرکاری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا تاہم ان کی گمشدگی کے بعد حکومت ان کی بازیابی کے لئے کوششیں کررہی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے دورے کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیادپربھارتی ماہی گیروں کورہاکیا،اس کے علاوہ پاکستانی سفیرنے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی چیک نیپالی حکام کودیا۔