فاٹا سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگ کے نمائندوں کے19 رکنی وفد کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

 
0
378

اسلام آباد نومبر 3(ٹی این ایس)ء چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح فاٹا کے عوام کو ان تمام آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے جن کی ضمانت آئین پاکستان دیتا ہے اورفاٹا کو جلد سے جلد قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے جمعہ کو فاٹا سے تعلق رکھنے والی ملک کی معروف سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگ کے نمائندوں کے19 رکنی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کے چیئرمین سینیٹر سجاد حسین طوری اور معروف سینئر اینکر سلیم صافی بھی شامل تھے ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فاٹا کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایوان بالاء نے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جس کے 6 اجلاس منعقد ہوئے ۔کمیٹی کے ان اجلاسوں میں معروف سینئر سیاستدانوں ، وکلاء ، سول سوسائٹی ، صدر فاٹا جنرنلسٹ یونین اور ریٹائرڈ بیورو کریسی کے نمائندوں کو بلا کر فاٹا کے مسائل اور انصرام کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی ۔ پورے ایون پر مشتمل کمیٹی نے حکومت کی جانب سے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا ۔