لاہور ہائیکورٹ ،یوم اقبال کی سرکاری چھٹی بحال کرنے کی متفرق درخواست مسترد

 
0
1083

لاہور،نو مبر08(ٹی این ایس) : لاہور ہائیکورٹ نے یوم اقبال کی سرکاری چھٹی بحال کرنے کی متفرق درخواست مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے پنجاب بار کونسل کے ممبر سید فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ علامہ اقبال شاعر مشرق اور قومی ہیرو ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم سمیت دیگر قومی ہیروز کے دنوں پر تعطیل کی جاتی ہے لیکن یوم اقبال پر سرکاری تعطیل گزشتہ چند برسوں سے منسوخ کر دی گئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ یوم اقبال قریب ہے اس لیے اس کیس کی جلد سماعت کر کے تعطیل کی بحالی کا حکم دیا جائے۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے متفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ تعطیل کی بحالی کیلئے درخواست بروقت دائر نہیں کی گئی کل یوم اقبال ہے، آج یہ ممکن نہیں کہ تمام فریقین سے جواب لیکر حکم جاری کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ آئندہ سال یوم اقبال سے قبل درخواست دائر کی جائے تاکہ اس پر سماعت کرکے کوئی حکم جاری کیا جاسکے۔