ایم کیو ایم پاکستان کی پلٹی، رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے بغیر اجلاس اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے نام اور نشان کے ساتھ ہی الیکشن لڑے گی

 
0
1823

کراچی ، نومبر 09 (ٹی این ایس):   کراچی کی سیاسی صورتحال نے ایک روز بعد ہی پلٹی کھالی اور کل پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان انضمام کی  فضاء قائم ہوئی تھی اسکی آج  ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے فاروق ستار کے بغیر پریس کانفرنس کرتے اور یہ کہتے ہوئے نفی کی ہے کہ ایم کیو ایم اپنے نام اور نشان کے ساتھ ہی الیکشن لڑے گی اور گذشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس میں پارٹیوں کے انضمام کی نہیں بلکہ اتحاد کی بات ہوئی تھی۔

گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے بعد آنے والے ردعمل کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ، رابطہ کمیٹی کے اس اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے بعد رابطہ کمیٹی کے رہنما فاروق ستار کے بغیر ہی میڈیا کے سامنےآگئے اور انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے کل  کے بیان کی بالکل نفی کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے نشان پتنگ ہی کے تحت الیکشن لڑے گی اور گذشتہ روز کی پریس کانفرنس کے بعد سیاستدانوں اور میڈیا نے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی ، ایم کیو ایم جن نشستوں پر الیکشن جیتی ہے وہاں پی ایس پی سے کسی قسم کا اتحاد نہیں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ کل فاروق ستار نے پی ایس پی کے ساتھ اتحاد کی بات کی تھی جسے غلط رنگ دیا گیا ۔ آج کے اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے تمام ارکان نے فاروق ستار پر مکمل اعتماد اور بھروسے کا اعلان کیا ہے اور ہم فاروق ستار کی سربراہی میں پوری طرح متحد اور متفق ہیں۔