سی ڈی اے نے 20 بلین روپے کی مالیت کی زمین پر سنٹارس مال کا اسٹرکچر منہدم کر دیا

 
0
524

اسلام آباد نومبر 10 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے 20 بلین روپے مالیت کی زمین پر بنایا گیا سنٹارس مال کا اسٹرکچر منہدم کر دیا۔ سی ڈی اے نے یہ آپریشن سنٹارس مال سے متنازعہ زمین واپس لینے کے لیے کیا۔ جس کے نتیجے میں 20 بلین روپے مالیت کی 15 ایکڑ زمین واپس حاصل کی گئی۔ سی ڈی اے کی جانب سے آپریشن کے آغاز پر سنٹارس مال کے اطراف میں مٹی کا غبار منہ چڑانے لگا۔

آپریشن کے دوران سی ڈی اے کے رکن خوشحال خان نے آپریشن کی نگرانی کی۔ آپریشن کے دوران ہی سنٹارس مال کے ملازمین نے سی ڈی اے کے اہلکاروں پر پتھراؤ کرنا شروع کر دیا۔ آپریشن میں وقفے وقفے سے تاخیر بھی سنٹارس مال کے ملازمین کی بار بار مداخلت کی وجہ سے ہوئی۔ پتھراؤ کے نتیجے میں ایک سی ڈی اے اہلکار اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ سنٹارس مال کو بارہا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا کہ وہ غیر قانونی طور پر لی گئی زمین کو خالی کر دیں لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔حکام نے بتایا کہ پتھراؤ کرنے اور پتھراؤ کے نتیجے میں سی ڈی اے کے ملازم اور دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر پولیس نے شاپنگ مال کے تین ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔ مزید یہ کہ سی ڈی اے کے چئیرمین شیخ انصار اور اسلام آباد کے مئیر نے عہد کیا ہے کہ شہر بھر میں موجود غیر قانونی طور پر قبضہ شدہ علاقوں کو فوری طور پر واپس لے کر شہر کی خوبصورتی لوٹائی جائے گی۔