ملک بھر میں ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت میں مقامی ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز دونوں کے ملوث ہونے کا انکشاف

 
0
449

کراچی نومبر 16(ٹی این ایس)ملک بھر میں ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت میں مقامی ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز دونوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ملاوٹ شدہ پٹرول نہ صرف گاڑیوں کے انجن کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے پیدا ہونے والے دھویں کو انسانی صحت خاص کر پھیپھڑوں کیلئے بھی انتہائی مضر قرار دیا جارہا ہے ،آئل انڈسٹری کے انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق مقامی طور پر فروخت ہونے والے پٹرول میں سستے اور خطرناک کیمیکلز کی آمیزش کی جارہی ہے جبکہ معیاری پٹرول بنانے کیلئے میگنیسیم کی زائد مقدار کی آمیزش کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں،ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پی ایس او کے ایک سابق اعلی افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ مقامی ریفائنریاں رون87جیسے غیر معیاری اور متروک پٹرول میں میگنیسیم کی آمیزش کرکے رون90بنا کر فروخت کررہی ہیں جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں در آمد کردہ رون90میں میگنیسیم کی آمیزش کرکے رون92کے نام پر پراڈکٹ فروخت کررہی ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ملاوٹ شدہ پٹرول نہ صرف گاڑیوں کے انجن کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے اٹھنے والا دھواں انسانی صحت خاص کر پھیپھڑوں کیلئے بھی انتہائی مضر ہے ،واضح رہے کہ چند روز قبل ایک مقامی آٹو کمپنی نے پٹرول میں ملاوٹ کی شکایت کی تھی اور اس ضمن میں پی ایس او سمیت بعض دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا نام لیا تھا،تاہم پی ایس او کی جانب سے انکوائری کی تحقیقات اور اوگرا کی جانب سے بھی تحقیقات شروع کرنے کے باوجود ابھی تک اس ضمن میں ذمہ داران کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے ۔