حکومت پنجاب ، تمام بھٹوں پر کام کرنے والے ورکرز کو فوری شناختی کارڈجاری کرنے کی ہدایت

 
0
719

فیصل آباد، نومبر20(ٹی این ایس) : حکومت پنجاب نے تمام بھٹوں پر کام کرنے والے قومی شناختی کارڈز سے محروم ورکرز کی فہرستوں کی تیاری اور نادرا موبائل وینز کے ذریعے انہیں فوری شناختی کارڈجاری کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو قریبی سکولوں میں داخل کروانے اور ہربھٹہ پر کم از کم 5سوشل سکیورٹی کارڈز بنانے کی پالیسی کو بھی ملحوظ خاطر رکھنے کاحکم دیاگیاہے ،ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ متعلقہ حکام سے کہاگیاہے کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں ضلع میں بھٹہ خشت ورکرز کے مقررہ اجرت،سوشل سکیورٹی کارڈ سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور اس سلسلہ میں متعلقہ محکمے کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ بھٹہ مالکان کو مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی کیلئے متحرک کریں ،انہوں نے بتایاکہ بھٹہ ورکرز کے بچوں کے قریبی سرکاری سکولوں میں داخلہ کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اورکہا گیاہے کہ بھٹہ مالکان اور لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے حکام بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے میں بھٹہ مزدوروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں ،انہوں نے کہاکہ آجر اور اجیر کے مابین خوشگوار تعلقات میں ہی ترقی کا راز مضمر ہے لہٰذابھٹہ مزدوروں کو درپیش مسائل افہام وتفہیم سے ہی حل ہونے چاہئیں۔