اسلام آباد،نومبر 20 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے دھرنے سے پیدا شدہ صورتحال پر حکوت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ وہ پچھلے چودہ دن سے ریاست بے بس ہے لوگوں کو شدید تکلیف کا سامنا ہے اور اسکے کان پہ جوں نہیں رینگ رہی۔
سوموار کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یادگار شہدا کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پچھلے چودہ دن سے ریاست بے بس ہے۔حکومت کے کان پہ جوں نہیں رینگ رہی۔تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اورانکے کارکنوں سے اپیل ہے کہ آپس کے جھگڑے ایک طرف جبکہ معاشرے کو صحیح سمت میں لے کر چلا جائے۔
میاں رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ قومیں تبھی بنتی ہیں جب ہیروز کی یادیں رکھی جاتی ہیں۔لیکن پاکستان میں ان تمام لوگوں کو ریاست کا حصہ نہیں سمجھا گیا جنہوں نے ترقی کی راہ میں قربانیاں دیں۔
انھوں نے اس موقع پر صحافیوں کو سلام تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گولیاں بھی کھائیں اور پھر بھی لکھتے رہے۔ پاکستان کی تاریخ میں صحافیوں نے بھی بے دریغ قربانیاں دی ہیں۔ آج کے دن بات کرنی آسان ہے لیکن ڈنڈے گولیوں کا سامنا کرنا آسان نہیں ہے۔