شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے پر عمران خان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر جواب داخل کرانے کا حکم

 
0
361

لاہور نومبر 22(ٹی این ایس) مقامی عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعوے کی سماعت پانچ دسمبرتک ملتوی کردی ۔گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفار نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عمران خان کیخلاف دس ارب ہرجانے کے دعوے پر سماعت کی ۔ وزیراعلی ٰشہباز شریف کے وکیل نے جواب جمع کرایا جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ بابر اعوان لاہور میں موجود نہیں ہیں اس لیے جواب داخل کرانے کے لئے مزید مہلت دی جائے۔

جس پر وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عدالتی کارر وائی کے دوران مسلسل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، سات جولائی سے تاحال عمران خان کی جانب سے کوئی بھی دلائل نہیں دیئے گئے جبکہ قانون کے مطابق نوے روز میں اس کیس کا فیصلہ ہونا چاہیے، عدالت نے عمران خان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔یاد رہے کہ شہباز شریف کی جانب سے گذشتہ برس بھی عمران خان کے خلاف ایک لیگل نوٹس بھجوایا گیا تھا جس میں جاوید صادق کو فرنٹ مین مقرر کر کے اربوں روپے وصول کرنے کے الزام پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔