شوٹنگ کے دوران ایف 16،جے ایف 17تھنڈر کے کاک پٹ میں بیٹھنا خوشی کا بڑا لمحہ تھا‘حمزہ علی عباسی

 
0
496

لاہور ستمبر 1 (ٹی این ایس)اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ فلم ’’پرواز ہے جنون کی ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران مجھے ایف 16اور جے ایف 17تھنڈر کے کاک پٹ میں بیٹھنے کا موقع ملا اور یہ میرے لیے خوشی کا ایک بڑا لمحہ تھا کہ میں اس جہاز میں بیٹھا ہوں جہاں برسوں محنت کر کے بیٹھنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جب فلم کی شوٹنگ کے لئے میں جہاز کے کاک پٹ میں سین ریکارڈ کروا کے فارغ ہوا تو وہاں تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس نے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں جن کو جہاز میں بیٹھنے کی اجازت ملی جبکہ ہمیں دس سال تربیت مکمل کرنے کے بعد جہازاڑانے کی اجازت ملتی ہے ۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میرا بنیادی تعلق اسلام آباد کے قریب بارہ کوہو کے علاقے سے ہے ،میری والدہ مجھے سی ایس ایس کروا کے پولیس میں بھیجنے کی خواہشمند تھیں انکی خواہش کا میں نے احترام بھی کیا مگر بعد میں پولیس کی نوکری چھوڑ کر شوبز کی دنیا میں آگیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر مجھے حکومت میں وزارت کی پیشکش ہوتی تو کشمیر کمیٹی کی وزارت لینا پسند کرتا کیونکہ مجھے کشمیریوں کے ساتھ بڑی محبت ہے اور شاید کشمیر کمیٹی میں زیادہ بہتر پرفارم کر سکتا۔