بلوچستان میں ہندوستان کی دہشت گرد تنظیم’’ را‘‘ نے اپنی سر گرمیاں بڑھادی ہیں‘میاں منظور احمد وٹو

 
0
331

حجرہ شاہ مقیم نومبر 23(ٹی این ایس) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہاہے کہ بلوچستان میں ہندوستان کی دہشت گرد تنظیم را نے اپنی سر گرمیاں بڑھادی ہیں، اراضی کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑاصوبہ بلوچستان دشمن کی ہٹ لسٹ پرہے ،را نے برطانیہ میں بسوں اور ویگنوں پر آزاد بلوچستان کے پوسٹر لگاکر دم توڑ تی سرگرمیوں کو ایک نئی تحریک دی ہے مگروہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم حصہ ہے جسکی جغرافیائی اہمیت سے بھی دنیا بخوبی واقف ہے وہاں حالیہ دہشت گردی کے واقعات نے ہنگامی صورتحال پیداکردی ہے حکومت وقت ،مسلح افواج اور تمام پاکستانی قوم کو اس صورتحال کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھناہو گا،پولیس سروسز کے آفیسرز خاص طورپر دہشت گردوں کے نشانے پرہیں ، انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کیلئے قومی سلامتی سب سے زیادہ مقدم ہے وطن عزیزکے تمام اداروں کی توجہ قومی سلامتی پر ہونی چاہیے، تمام قومی اداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا چاہیے بلوچستان کی پولیس کو بطور خاص بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں ،بلوچ قبائل کو قومی دھارے میں لانے کیلئے عام معافی کا اعلان کرناچاہیے تاکہ وہ پہاڑوں سے اتر کر قومی سرگرمیوں میں شامل ہوجائیں ۔