مکہ مکرمہ نومبر 23(ٹی این ایس)ایک اسرائیلی شہری کے مسلمانوں کے مقدس ترین دوشہروں میں سے ایک مدینہ منورہ میں داخل ہونے اور اسکے بعد مسجدنبوی میں جاکر سیلفی بنوانے پر دنیابھر کے مسلمان سوشل میڈیا یوزرز نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اسلامی عقائد کے مطابق غیر مسلموں کا داخلہ ممنوع ہے۔تاہم اسکے باوجود روس میں پیدا ہونے والا 31سالہ اسرائیلی شہری بن تیزیون نہ صرف مدینہ منورہ میں داخل ہوا بلکہ اس نے وہاں اپنی سلفیاں بنانے کے ساتھ مقامی لوگوں کے ساتھ بھی سیلفیاں بنوائیں۔اس دوران اسکے پیٹ پر ایک چرمی بیگ نما بیلٹ بندھا ہوا تھا جس پر عبرانی زبان میں اسکا نام تحریر بھی تھا،تاہم کسی نے بھی ان چیزوں پر اعتراض نہیں کیا۔ایک اسرائیلی اخبار کے مطابق یہ شخص اس سے قبل ایران ،لبنان، اردن اور سعودی عرب میں واقع مسلمانوں کے دیگر مقدس مقامات پر بھی جاچکا ہے۔بن تیزیون کی اس حرکت پر مسلمان سوشل میڈیا یوزرز نے اتنی زیادہ تنقید کی کہ انسٹاگرام نے منگل کو اسکا اکاؤنٹ ہی معطل کردیا۔