پاکستان ایک دہشت گرد ملک کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کررہا ہے، بھارت

 
0
626

نئی دہلی نومبر 24 (ٹی این ایس) اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیئے جانے والے حافظ سعید کو پاکستانی حکام کی جانب سے رہا کیے جانے پر بھارت نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک دہشت گرد کو ملک کے مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کررہا ہے۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ممبئی حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو رہا کیے جانے پر نئی دہلی میں شدید غصہ دیکھا جارہا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کی رہائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مجرموں کے ساتھ انصاف نہیں کرنا چاہتا۔دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خود اعتراف کرنے والے اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے جانے والے شخص کو رہا کر کے بھارت کی تذلیل کی ہے۔