حکومت اپنے ہی حمایت یافتہ دھرنے پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی‘ میاں محمود الرشید

 
0
357

لاہور نومبر 25(ٹی این ایس) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ حکومت اپنے ہی حمایت یافتہ دھرنے پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، حالات حکومت کے کنٹرول سے باہر، ملک کسی سانحہ کا متحمل نہیں ہو سکتا، فوری نئے انتخابات کرائے جائیں، معاملہ پیر کے روز اسمبلی اجلاس میں اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو اور حصہ ہے، جس نااہلی سے حکومت نے معاملے کو نمٹانے کی کوشش کی اس سے ریاست کی رٹ ختم ہوگئی، فیض آباد دھرنے کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کا سارا زور شریف خاندان کرپشن بچانے پر ہے، ملک جل رہا ہے اور وزیراعظم نااہل شخص کے دربار پر حاضری دے رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا طاقت کے استعمال نے معاملے کو الجھا دیا۔ حکومت کو افہام و تفہیم کا راستہ نہیں چھوڑنا چاہئے تھا، طاقت کے استعمال سے معاملات حل ہونے کی بجائے مزید خراب ہوتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری تھی کہ ختم نبوت کے خلاف ہونے والی سازش بے نقاب کرتی، جب تک ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی عوام مطمئن نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو سنجیدگی سے کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ ہنگامہ آرائی کسی بڑے سانحہ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔