دھرنوں اور احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ،لاہور میں پیٹرول کی قلت پیدا ہو گئی

 
0
614

لاہور نومبر 26(ٹی این ایس)مذہبی جماعت کے کارکنوں کے دھرنوں اور احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ،لاہور میں پیٹرول کی قلت پیدا ہو گئی ۔اسلام آباد میں جاری مذہبی جماعت کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں۔ کراچی، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں جگہ جگہ پر مظاہرین نے دھرنے دیئے ہوئے ہیں۔ کراچی میں سہراب گوٹھ کے مقام پر دھرنے کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان ہے۔دھرنے کی وجہ سے کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پاکستان پر آئل ٹینکروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ہے جبکہ اندرون ملک جانے والے آئل ٹینکرز میں لاکھوں لیٹر پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں۔ دوسری جانب سپلائی نہ ملنے سے لاہور میں پیٹرول کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں میں ایک ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکلوں میں صرف 200روپے کا پیٹرول ڈالا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق احتجاج ختم نہ ہونے کی صورت میں قلت شدید ہونے کاخدشہ ہے ۔