فیصل آباد ٗ تحریک لبیک یار سول اللہ ؐ کے کارکنان نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے ڈیرے کا گھراؤکرلیا

 
0
435

فیصل آباد نومبر 26(ٹی این ایس) تحریک لبیک یار سول اللہ ؐ کے کارکنان نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے ڈیرے کا گھراؤکرلیا ٗ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ سے کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی بھاری نفری نے رانا ثناء اللہ کے ڈیرے کا گھراؤ کر کے حالات پر قابو پالیا۔

تفصیلات کے مطابق نماز مغرب ادا کرنے کے بعد تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ ٗ سنی تحریک سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے کارکنان نے تھانہ سمن آباد کے علاقہ میں واقع رانا ثنا ء اللہ کے ڈیرے کا گھراؤ کیا لیکن پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر ناولٹی پل اور سمندری روڈ کو عوام کیلئے بند کردیا جس پر مشتعل مظاہرین نے کالج روڈ کا انتخاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون کے ڈیرے پر پہنچ کر پتھراؤ کیا لیکن ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اس وقت اپنے ڈیرے پر موجود نہیں تھے‘ مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد سی پی او فیصل آباد اطہر اسماعیل نے پولیس لائن‘ تھانہ سمن آباد ‘ سول لائن‘ سرگودھا روڈ‘ گلبرگ‘ کوتوالی کے ایس ایچ اوز اور پولیس کی بھاری نفری کو رانا ثنا ء اللہ کے ڈیرے کا گھراؤ کرکے حالات پر قابو پانے کے احکامات جاری کئے جس پر پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی‘ نفری کو دیکھ کر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا جس کی زد میں آکر کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ‘ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جاری جھڑپ کے دوران پولیس نے آنسو گیس شیلنگ کا استعمال کیا اور کچھ دیر بعد پولیس کی بھاری نفری حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی‘ پولیس نے کشیدہ حالات پر قابو پانے کے بعد صوبائی وزیر قانون کے ڈیرے کے گرد کھاردار تاریں لگا دیں۔ یاد رہے اس سے قبل تحریک لبیک یار رسول اللہ ؐ کے مشتعل کارکنوں نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار ‘ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے گھروں کا بھی گھراؤ کیا جبکہ ایم این اے جاوید لطیف پرمظاہرین پرحملے کے نتیجے میں زخمی ہوئے ۔