وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج جوہر ٹاؤن میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے نئے امتحانی مرکزکی عمارت کا افتتاح کر دیا

 
0
535

لاہور اگست 21 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج جوہر ٹاؤن میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے نئے امتحانی مرکزکی عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے امتحانی مرکز کا معائنہ کیا اور امتحانات دینے والوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سکیورٹی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے امتحانی ہالز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو امتحانی مرکز کی نوتعمیر شدہ عمارت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ امتحانی مرکز 10 کنال اراضی پر قائم کیا گیا ہے۔ 4 منزلہ نئے امتحانی مرکز کی تعمیر پر تقریباً 36 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اورامتحانی مرکز میں امیدواروں کیلئے 24 امتحانی ہالز بنائے گئے ہیں اورامتحانی ہالز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں -ان امتحانی ہالز میں تقریباً 5 ہزار امیدوار بیک وقت امتحان دے سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹم کی تنصیب پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سسٹم سے امیدواروں کو معلومات کے حصول میں بہت آسانی ہوگی اوراس طرح کا جدید نظام دیگر محکموں میں بھی ہونا چاہیئے۔ انہو ں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے۔ باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا کردار کلیدی ہے۔ نئے پاکستان کی بنیاد میرٹ پر ہے اور میرٹ کوہر سطح پر پروموٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو باصلاحیت ٹیلنٹ کو میرٹ پر آگے لے کر جائیں اور یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت نے صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور ہر ادارے میں بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ پر کی جا رہی ہیں۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد، کمیشن کے ممبران اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔