دھرنے کے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ریاستی طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں تھا‘محمود الرشید

 
0
307

لاہور نومبر 26(ٹی این ایس) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت ناکام ہو گئی ہے اور کسی بھی سانحہ سے بچنے کیلئے فی الفور نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دھرنا مظاہرین پر تشدد کیخلاف نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو مذہبی، معاشی، سیاسی اعتبار سے شدید نقصان پہنچایا ۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ احسن اقبال نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا تھا ان سے فوری طور پر استعفیٰ لیکر تحقیقات کرائی جانے چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو اور حصہ ہے، جس طرح حکومت نے معاملے کو نمٹانے کی کوشش کی اس سے ریاست کی رٹ ختم ہوگئی، فیض آباد دھرنے کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں تھا،طاقت کے استعمال نے معاملے کو الجھا دیا ، مسئلہ حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہو گیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ آج پنجاب اسمبلی میں ریاستی تشدد کیخلاف آواز اٹھائیں گے اور نئے انتخابات کی تجویز پیش کرینگے تاکہ ملک میں افراتفری کا خاتمہ ہو سکے۔