انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے کوہ آگونگ میں آتش فشانی کا خطرہ بڑھ گیا

 
0
890

جکارتہ نومبر 28(ٹی این ایس)انڈونیشیا کے معروف سیاحتی مقام بالی میں واقع کوہ آگونگ میں آتش فشانی کے باعث خطرے کی سطح مزید بڑھا دی گئی ہے۔ ادھر سینکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کے باعث ہزاروں مسافر بالی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر محصور ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انڈونیشیائی حکام نے بتایاکہ بالی کے کوہ آگونگ میں آتش فشانی کا امکان بڑھتا جا رہا ہے۔

اسی لیے خطرے کی سطح مزید بڑھا کر چار کر دی گئی ہے۔ اس پہاڑ سے کثیف دھوئیں اور راکھ نے فضا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اسی باعث ویک اینڈ سے بالی کا ہوائی اڈہ بھی بند ہے۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے 445 پروازیں متاثر ہو چکی ہیں جبکہ 59 ہزار مسافر بالی میں محصور ہو چکے ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا کہ راکھ اور دھوئیں کے باعث آئندہ دنوں میں مزید پروازیں بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ کوہ آگونگ میں سرگرمی دیکھی گئی ہے۔حکام نے خبردار کیا کہ اس آتش فشاں سے بڑے پیمانے پر لاوا ابل سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اس پہاڑ میں دھماکوں کی وجہ سے قریبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کوہ آگونگ کے قریبی علاقوں سے ہزاروں شہریوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔