الزام لگانے والے کو اس کے گھر تک چھوڑ کر آئوں گا ،فیض آباد میں دھرنا نہیں عاشقوں کی محفل تھی، کیپٹن (ر) محمدصفدر

 
0
379

 

اسلام آباد ،نو مبر28(ٹی این ایس): وزیر اعظم کے داماد کیپٹن (ر) محمدصفدر نے پانچ کروڑ روپے کے حوالے سے سامنے آنے والے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام لگانے والے کو اس کے گھر تک چھوڑ کر آئوں گا ،فیض آباد میں دھرنا نہیں عاشقوں کی محفل تھی، دھرنا وہ ہوتا ہے جہاں لوگ گا بجارہے ہوں، جہاں درودوسلام پڑھے جائیں اسے محفل میلاد کہتے ہیں۔نیب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ کہا جارہاہے کہ صفدر نے پانچ کروڑ روپے لئے ، پتہ نہیں کس صفدر کی بات ہورہی ہے۔

میں قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا چیئرمین ہوں، پی ٹی اے سے جواب طلب کروںگا کہ یہ بات کہاں سے چلی، اس کا مکمل کھوج لگائوں گا اور جھوٹے کو گھر تک چھوڑ کر آئوں گا۔انہوںنے مزید کہا کہ اس بات کا ایک جج صاحب نے نوٹس لیا میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،کل تک جو بچے ہمارے ہاتھوں میں کھیلتے رہے آج وہ الزام لگارہے ہیں۔اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر نے دھرنے سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر دلچسپ جواب دیئے اور دھرنے کو عاشقوں کی محفل قرار دیدیا۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے پر کہا کہ دھرنا کیا، محفل تھی عاشقوں کی، دھرنا وہ ہوتا ہے جہاں لوگ گا بجارہے ہوں، جہاں درودوسلام پڑھے جائیں اسے محفل میلاد کہتے ہیں۔صحافی کے سوال پر کہ میلاد میں جنرل صاحب کے دستخطوں کی ضرورت کیا پڑی محمد صفدر نے جواب دیا کہ یہ آپ مجھ سے نہ پوچھیں، جنرل مشرف کے دستخطوں کی یہاں ضرورت پڑی، جنرل یحی اور جنرل ایوب کے دستخطوں کی ضرورت پڑی۔

کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ ایک میجرجنرل کے دستخط کوآپ نے نہیں دیکھا، ایل ایف او ہوا،کیا کچھ ہوا،کوئی جرنیلوں کی بات نہ کرے۔ صحافی نے سوال کیا کہ جنرل مشرف والے حالات ہیں کیا جس پر ان کا کہنا تھا کہ آپ بچے ہیں آپ کوسمجھ نہیں آرہی جو میں کہہ رہا ہوں۔صحافی نے سوال کیا کہ دھرنے میں نذرانہ بھی توبانٹا گیا کیپٹن صفدر نے کہا کہ محفل کے آخر میں نذرانہ ہوتا ہے۔ ایک صحافی نے کہا کہ محفل عسکری فرشتوں نے سجائی تھی جس پر کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ میں تواللہ کے فرشتوں پر ایمان لایا ہوں میں ان فرشتوں کونہیں مانتا۔