نوازشریف نے معافی کیلئے اپنے نمائندے میرے پاس بھیجے،طاہر القادی کا دعویٰ

 
0
377

لاہور نومبر 28(ٹی این ایس)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف نے معافی کیلئے اپنے نمائندے میرے پاس بھیجے،پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری استنبول سے منگل کی علی الصبح لاہور پہنچ گئے ،ان کے استقبال کیلئے ان کے صاحبزادے حسن محی الدین کے ساتھ پارٹی کے رہنما اور کارکن بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے جبکہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پھرمعافی کیلئے اپنے نمائندے میرے پاس بھیجنا شرو ع کردیئے ہیں ۔

علامہ طاہر القادری 11ربیع الاول کو تاجدار ختم نبوتؓ کانفرنس سے خطاب کریں گے اور یہ کانفرنس مینار پاکستان میں منعقد کی جائے گی۔طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت بڑی نازک حالت سے گزر رہا ہے ، حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد حکومت کا زوال شروع ہو گیا تھا۔جتنی ذلت اس حکومت کی ہوئی ماضی میں کسی حکومت کی نہیں ہوئی۔

طاہر القادری نے کہا کہ ساری حکومت کو فی الفور مستعفی ہو جانا چاہیئے ان کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا۔پارلیمنٹ کی فعالیت ختم ہوچکی ہے اور وزرا ء گھروں میں بند ہوکر رہ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پھر معافی کے لئے اپنے بندے میرے پاس بھیجنے شروع کردیے ہیں تاہم جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا نہیں ہو جاتی اس وقت سے چین سے نہیں بیٹھوں گا۔