چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مجموعی سرمایہ کاری بڑھ کر 60 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، سرتاج عزیز 

 
0
675

اسلام آباد، نومبر 28 (ٹی این ایس): منگل کواسلام آباد میں چینی صحافیوں کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے  منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے سرمایہ کاری کی سازگار پالیسی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک علاقائی منصوبہ بن چکا ہے جس سے سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع میسر آ رہے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ چین اور دیگر ممالک پاکستان میں قائم ہونے والے اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت چین کی صنعتیں بھی پاکستان منتقل ہو رہی ہیں۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان زرعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کے تحت بہت سی اشیاء چین برآمد کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے راستوں کی بدولت ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور گوادر پورٹ کی ترقی و تعمیر  اور پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو نئی قوت مل رہی ہے۔