ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ کے رکن ممالک کے شہری ہوابازی کے اداروں کے ڈائریکٹرز جنرل کا دو روزہ اجلاس منگل کے روز اسلام آباد میں اختتام کو پہنچ گیا ہے جس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریٹائرڈ ایئر مارشل عاصم سلیمان اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔
عاصم سلیمان نے اپنے اختتامی خطاب میں ڈی ایٹ کے رکن ممالک کے درمیان شہری ہوا بازی کے تمام شعبوں میں مربوط اور ٹھوس اشتراک کے ذریعے تعاون مستحکم کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کا مقصد ایوی ایشن کے شعبے میں مستقبل کے مواقع ،امکانات اور مسائل کی نشاندہی اور ان پر غور کرنا تھا۔
اجلاس سے ایوی ایشن کی صنعت اور سرکاری حکام کو ڈی ایٹ ممالک کے اہم فیصلہ سازوں سے ملاقات کا موقع ملا۔
اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن ڈی ایٹ ممالک کے صنعتکاروں اور ایروسپیس انڈسٹری، ایئرلائنز اور ہوا بازی کے شعبے کے دوسرے اہم اداروں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے شرکت کی۔