سرینگر، نومبر 28 (ٹی این ایس): انسانیت کے خلاف جرائم میں بھارت بھی اسرائیل کے نقش قدم پر چلنے لگا، مقبوضہ کشمیر میں اسکا کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال معمول بن گیا، گزشتہ روز پلوامہ میں چار مکانات کو کیمیائی مواد سے اڑا دیا گیا جس میں شہید ہونے والے چار معصوم کشمیریوں کی لاشیں بھی ناقابل شناخت ہو گئیں۔
بھارت نے یہ سلسلہ مودی کے دورہ اسرائیل کے بعد شروع کیا، اسرائیل اس سے پہلے غزہ اور لبنان میں وائٹ فاسفورس بموں کا استعمال باقاعدہ کے ساتھ کرتا رہا ہے۔ اب بھارت بھی اسی ڈگر پر چل رہا ہے لیکن عالمی برادری انسانیت سوز مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار آپس میں ہی لڑپڑے جس کے باعث بانڈی پورہ میں ساتھی اہلکاروں کی فائرنگ سے بی ایس ایف اہلکار ہلاک ہوگیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق علاقہ میں تعینات فوجی اہلکار کاساتھی اہلکاروں سے جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران مشتعل ہوکر اہلکاروں میں سے ایک نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔کشمیری پولیس کمشنر کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔