اسلام آباد دسمبر 2(ٹی این ایس): مخدوم جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں واپسی کے قوی امکان پر ن لیگی حلقوں میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاوید ہاشمی کو سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ملاقات کے لیے اسلام آباد بلوایا تھا جس کے بعد ان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مخدوم ہاشمی سے متعلق مسلم لیگ ن کے بلدیاتی نمائندے ناراض ہو گئے ہیں۔ این اے 149 ملتان سے مسلم لیگ ن کے بلدیاتی نمائندوں نے جاوید ہاشمی کی پارٹی میں ممکنہ شمولیت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس میں قرارداد بھی منظور کر لی گئی ہے جس کے متن کے مطابق جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت ناقابل قبول ہے۔