نواز شریف قوم کے دلوں میں بستے ہیں ، وزیراعلی بلوچستان

 
0
475

کوئٹہ دسمبر 2(ٹی این ایس)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں جو قوم کے دلوں میں بستے ہیں ، بلوچستان کے عوام محمد نواز شریف کے وژن اور بلوچستان کی ترقی کے لیے ان کے عملی اقدامات کی دل سے قدر کرتے ہیں، محمد نواز شریف نے ملک و قوم کی ترقی کا جو بیڑا اٹھایا ہے ہم ان کے اس کارواں کے ساتھی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان عبدالصمد خان اچکزئی شہید کی برسی کے موقع پر پی کے میپ اور مسلم لیگ(ن) کے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ، پی کے میپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال نے بھی جلسے سے خطاب کیا،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے محمد نواز شریف کا والہانہ استقبال کیا، آج کا عظیم الشان اجتماع ثابت کرتا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی ان کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر محمد نواز شریف وزیراعظم ہوتے تو شاید پنڈال میں اتنے لوگ نہ ہوتے جتنے آج یہاں موجود ہیں، بلوچستان کے لوگ وسیع القلب ہیں اور جس کا ہاتھ ایک مرتبہ تھام لیتے ہیں تو زندگی بھر اس کا ساتھ نبھاتے ہیں جس طرح کہ محمود خان اچکزئی اور محمد نواز شریف نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور محمد نواز شریف نے اپنے قوم و فعل اور نظریہ سے ثابت کیا ہے کہ صحیح معنوں میں وہ ایک قومی لیڈر ہیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اسلام اور جمہوریت کے نام پر وجود میں آیاہے جہاں ایک فرد ایک ووٹ کا پارلیمانی نظام قائم ہے اور ہر ووٹ کی بھرپور اہمیت اور تقدس ہے جسے کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائیگا،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے آباد بلوچ ، پشتون صوبے کی ترقی کے حوالے سے محمد نوازشریف کے شکر گزار ہیں ، انہوں نے محمد نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹروں میں جلسوں کا انعقاد کریں کیونکہ بلوچستان کے عوام آپ کو دیکھنا اور سننا چاہتے ہیں اور ہر جگہ آپ کا اسی طرح استقبال کیا جائیگا جس طرح کہ آج کیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جلسہ کے شرکاء سے محمد نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگوائے۔