اسلام آباد ہائی کورٹ ، نواز شریف کی نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستیں مسترد

 
0
406

اسلام آباد دسمبر 4(ٹی این ایس) اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ہائی کورٹ کے 2رکنی ڈویژن بینچ نے فیصلہ سنایا جوکہ 23 نومبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔سابق وزیراعظم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تینوں نیب ریفرنسز یکجا کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ کم از کم فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ریفرنسز کو یکجا کیا جائے۔

عدالت کیس کا تحریری فیصلہ بعد میں جاری کرے گی جس میں درخواست مسترد کرنے کی وجوہات بتائی جائیں گی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس یکجا کرنے کی نوازشریف کی درخواست مسترد کردی ہے۔فیصلہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سنایا۔واضح رہے کہ نوازشریف نے پاناما کیس میں نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کررکھی ہے جس کا فیصلہ آنا باقی ہے۔ سابق وزیراعظم کی جانب سے دائر درخواست میں موقف پیش کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا 28 جولائی کا فیصلہ حقائق اور قانون سے مطابقت نہیں رکھتا، فیصلے کے باعث ایک الزام پر 3 ریفرنسز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ریفرنسز دائر کرنے کا حکم سپریم کورٹ کے اپنے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، عدالت عظمیٰ اپنے فیصلوں میں کہہ چکی ہے کہ ایک الزام پر زیادہ مقدمات نہیں بنائے جاسکتے۔