پیپلز پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر آنے والی تصویر پوچھتی ہے کہ  واقعی بھٹو زندہ ہے؟

 
0
1845

حیدر آباد، دسمبر 05 (ٹی این ایس): ایسے وقت میں جب پیپلز پارٹی اپنی گولڈن جوبلی منا رہی ہے اندرون سندھ  سے   آنیوالی ایک ماں اور اسکی بیٹی کی تصویر نے بڑے سوالات کھڑے کئے ہیں۔

پیپلز پارٹی  نے اپنے پچاسویں یومِ تاسیس پر اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں بڑا میلہ سجایا جس میں  موسیقی اور رقص کا سامان بھی موجود تھا جبکہ آصف علی زرداری اور انکے فرزند بلاول زرداری نے عوام کی حکمرانی، شفاف نظام، انصاف اور غریب نوازی کی باتیں کیں مگر مذکورہ تصویر بتاتی ہے کہ حقیقت سیاسی وعدوں اور نعروں سے واقعی کوسوں دور ہوتی ہے۔

اس جواں سال ماں اور اسکی معصوم بیٹی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انھیں صرف 3 کلو کپاس چوری کے الزام میں زنجیروں میں جکڑ دیا گیا ہے۔

ملک کا سنجیدہ فکر طبقہ پوچھتا ہے کہ  اگر نسلوں سے لیڈری اور حکمرانی کرنے والے سماجی انصاف کے نعروں میں سچے ہوتے تو اس غریب ماں بیٹی کو محض تین کلو کپاس کی چوری کی ضرورت پیش نہ آتی اور پھر انھیں  ماورائے قانون اس ذلت کے ساتھ زنجیروں میں جکڑنا از خود چوری سے بڑا جرم ہے۔

ملک کو لوٹنے والے اور عدالتوں سے اشتہاری قرار دئے گئے لوگ آزاد گھوم رہے یا انہی  سیاسی پارٹیوں میں لیڈری اور حکمرانی چمکا رہے ہوتے ہیں جبکہ تین کلو کپاس چوری کرنے والے غریبوں کا مقدر  سزاء با ذلت ہے اور اسے معلوم ہوتا ہے کہ بھٹو زندہ نہیں ہے۔

عوامی حلقے پوچھ رہے ہیں کہ کیا چیف جسٹس آف پاکستان اس طرف بھی توجہ دیتے ہوئے ازخود نوٹس لیں گے؟