پی ٹی آئی کی مقبوضہ بیت المقدس کودارالحکومت تسلیم کرنےکیخلاف پنجاب اسمبلی میں قراردادجمع

 
0
325

 

لاہور ،دسمبر07(ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد لے آئی،قرارداد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے جمع کرائی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قرارداد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئی اسے اشتعال انگیزی قرار دیا گیا ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی اقدام مشرق وسطیٰ کے امن کیخلاف گہری سازش ہے، صدر ٹرمپ کے اعلان نے اسلامی دنیا کو ایک گہرا زخم دیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت مسلم امہ کے ساتھ ملکر عالمی برادری کے سامنے احتجاج کرے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ اور آئی سی میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے اور امریکہ کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کبا جائے۔ قبل ازیں احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت بروقت انتخابات نہ کرانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، مسلم لیگ ن نے ملک میں تناؤ کا ماحول بنا رکھا ہے جو انتہائی خطرناک رجحان ہے، انکا کہنا تھا کہ اس سارے عمل میں پیپلز پارٹی پس پردہ حکومت کی حمایت کر رہی ہے، کیونکہ دونوں جماعتوں کو بخوبی اندازہ ہے کہ بروقت انتخابات میں انکے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا ۔

ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کوئی سیاست نہیں کر رہا، یہ انصاف کی تحریک ہے اس لئے تحریک انصاف نے مظلوم خاندان کا ساتھ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔