راولپنڈی، دسمبر 13 (ٹی این ایس) : چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاک فوج فاٹا کوقومی دھارے میں لانے کی حمایت کرتی ہے اسکی قسمت کافیصلہ فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق کیاجائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قبائلی عمائدین اور یوتھ جرگہ کے وفد نے ملاقات کی۔جس میں فاٹا کو قومی دھارے میں لانے سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔وفد نے پاک فوج کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں اور فاٹا میں ترقیاتی کاموں کی تعریف کی۔وفد نے فاٹا کوقومی دھارے میں لانے کیلئے پاک فوج کے کردار کوبھی سراہا۔
اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج فاٹا کوقومی دھارے میں لانے کی حمایت کرتی ہے۔نوجوان فاٹا میں امن اور ترقی کیلئے اپناکردار جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں دہشتگردی کیخلاف کامیابی بہادر قبائلیوں کی قربانیوں سے ممکن ہوئی۔فاٹا کے مستقبل کیلئے قبائلیوں کے مئوقف کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔آرمی چیف نے مزید کہاکہ فاٹا میں استحکام آنے سے امن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔