اسرائیل کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ اسرائیل کی دعوت

 
0
432

لندن دسمبر 14 (ٹی این ایس) اسرائیل نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اسرائیل کا دورہ کرنے کی دعوت دیدی ہے‘یہ دعوت اسرائیلی وزیر برائے انٹیلیجنس یسرائیل کاٹزنے دی ہے۔اسرائیلی وزیر کے ترجمان اریے شالیکار کے مطابق یہ بات سعودی کاروباری شخصیت کی ملکیت جریدے سے بات کرتے ہوئے یسرائیل کاٹز نے کی تاہم شائع کیے جانے والے انٹرویو میں ان کی اس خواہش کو شامل نہیں کیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ شائع کیے جانے والے انٹرویو میں یہ بات شامل کیوں نہیں کی گئی تاہم وہ اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ یسرائیل کاٹز نے یہ بات کی تھی۔ ماضی میں اسرائیلی حکام عرب ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی جانب اشارہ کرتے رہے ہیں اور اس بات کے بھی اشارے دیتے رہے ہیں کہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان پسِ پردہ تعاون ہوتا ہے، خاص طور پر ایران کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے حوالے سے۔اریے شالیکار نے یسرائیل کاٹز کے حوالے سے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ شاہ سلمان وزیراعظم نیتن یاہو کو سرکاری طور پر ریاض دعوت آنے کی دعوت دیں اور وہ محمد بن سلمان کو اسرائیلی دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کاٹز نے یہ ہاتھ اس لیے بڑھایا ہے کیونکہ وہ علاقائی امن چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسرائیل کی فوج کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل گیڈی ائزنکوٹ نے کہا تھا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کے لیے تیار ہے کیونکہ دونوں ملک کا مشترکہ مفاد ایران کو روکنے سے وابستہ ہے۔ایران اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بہت سے تجزیہ کاروں کے خیال میں ایران سے مشترکہ دشمنی کی وجہ سے سعودی عرب اور اسرائیل میں اشتراک پیدا ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ نے کیلی فورنیا میں ایک کانفرنس سے خطاب میں سعودی عرب کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مشترکہ فوجی کمانڈ قائم کریں۔